پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کو بزنس ویزا 24 گھنٹے میں جاری ہو گا، نگران وفاقی کابینہ

image

سرمایہ کاری کرنیوالوں کو 6 ماہ کا بزنس ویزا 24 گھنٹے میں جاری ہو گا، ویزا پالیسی میں ترامیم تیار ایس آئی ایف سی کی سفارش پر کی گئیں، پاکستانی مشن 5 سال کے لیے بزنس ویزا 24 گھنٹوں میں جاری کرنے کے پابند ہوں گے۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) وفاقی کابینہ نے بزنس، سرمایہ کاری اور ورک ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کیلئے دی گئی، وفاقی کابینہ سے 103 ممالک کیلئے ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری بذریعہ سرکولیشن لی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سفارش پر ویزا پالیسی میں ترامیم تیار کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی سفارش پر 6 ماہ کے لیے بزنس ویزا فوری طور پر جاری کیا جائے گا۔ پاکستانی مشن 5 سال کے لیے بزنس ویزا 24 گھنٹوں میں جاری کرنے کے پابند ہوں گے۔

ایک سال کے لیے شارٹ ٹرم انویسٹر ویزا بھی 24 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا، اسی طرح ایس آئی ایف سی کی سفارش پر تین سال کا انویسٹر ویزا 24 گھنٹوں میں جاری ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ 5 سال کے لیے انویسٹر ویزا وزارت داخلہ 10 دن میں جاری کرنے کی پابند ہو گی۔ 2 سال کے لیے ورک ویزا وزارت داخلہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ایک ماہ میں جاری کرے گی۔