کویت میں 555 غیر ملکیوں کے رہائشی پتے حذف، جرمانے کی وارننگ
کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت میں حکام نے رہائشی معلومات کی جانچ کے دوران 555 غیر ملکی شہریوں کے رہائشی پتے سرکاری نظام سے حذف کر دیے ہیں۔ پبلک اتھارٹی فار سول انفارمیشن (PACI) نے اس حوالے سے سرکاری گزٹ کویت الیوم میں باقاعدہ اعلان جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق متعلقہ افراد کو اپنے رہائشی ریکارڈ کو فوری طور پر درست اور اپ ڈیٹ کروانا ہوگا۔
پی اے سی آئی نے متاثرہ افراد کو نیا رہائشی پتہ درج کرانے کیلئے اعلان کی تاریخ سے 30 دن کی مہلت دی ہے۔ شہری اتھارٹی کے دفتر میں حاضر ہو کر یا سہل (Sahel) ایپ کے ذریعے مطلوبہ معلومات اور معاون دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر نئے پتے کی رجسٹریشن مکمل کرنا ضروری ہے۔
اعلان کے مطابق جو افراد 30 دن کی مقررہ مدت میں اپنا نیا رہائشی پتہ درج نہیں کرائیں گے، ان کے خلاف جرمانے کی کارروائی کی جائے گی۔ ہر خلاف ورزی کرنے والے شخص پر 100 کویتی دینار جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ کویتی حکام نے غیر ملکی باشندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی قانونی پیچیدگی اور اضافی مالی جرمانے سے بچنے کیلئے اپنے رہائشی کوائف بروقت اپ ڈیٹ کرائیں۔