وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو سالانہ امتحانات 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک کے مطابق امتحانات میں 2 لاکھ 12 ہزار 416 امیدوار شریک ہوئے۔ نتائج کی تیاری میں 1237 اسٹاف ممبران نے حصہ لیا جبکہ امتحانات کے دوران نقل کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 85.95 فیصد رہا اور طالبات کی کامیابی کی شرح طلبہ کے مقابلے میں زیادہ رہی۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزارت تعلیم مستقبل کے تعلیمی خاکے اور خدوخال کو ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اب صوبوں اور مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ امیدوار وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ پر تین مختلف ذرائع کے ذریعے اپنے نتائج دیکھ سکیں گے۔ نتائج کے اعلان کے موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب بھی منعقد کی گئی۔

پری میڈیکل گروپ میں عمارہ اظہر نے 1079 نمبر کے ساتھ پہلی، محمد جہانزیب نے 1078 کے ساتھ دوسری اور سیدہ ایمان فاطمہ نے 1076 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ میں ایمان ارجمند 1075، زینب سمیع 1070 اور عنزہ فاطمہ 1068 نمبر کے ساتھ بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہیں۔ سائنس گروپ میں عبداللہ اظہر نے پہلی، ایان اظہر نے دوسری اور ہادی زکریا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ کامرس میں اقصیٰ فاروق، عائزہ افضل اور آمنہ آصف نے پہلی تین پوزیشنیں حاصل کیں۔ ہیومینٹیز گروپ میں ایمان فاطمہ پہلی، آمنہ اظہر دوسری جبکہ یحییٰ فاضل اور عمیر رضا مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر رہے۔