پی سی ایل سے نام نہ نکالنے پر توہین عدالت کیس میں ڈی جی امیگریشن کی طلبی

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کو توہین عدالت کیس میں طلب کر لیا۔ عدالت کے حکم کے باوجود کئی شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نہیں نکالے گئے تھے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی فیصلے پر عمل نہیں ہوا، اس لیے توہین عدالت کی درخواست دی گئی۔

سماعت کے دوران جسٹس اعظم خان نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈی جی رندھاوا سے پوچھا کہ کیا کبھی یہ فہرست مانگی گئی ہے کہ کتنی توہین عدالت کی درخواستیں چل رہی ہیں؟ جج صاحب نے بتایا کہ صرف ان کی عدالت میں 16 اور پورے ہائیکورٹ میں 100 سے زائد توہین عدالت کے کیسز زیرِ سماعت ہیں۔

وزارت داخلہ کی طرف سے بتایا گیا کہ اس معاملے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ہائیکورٹ کے حکم کا جائزہ لے گی۔ عدالت نے سماعت کو کچھ دیر کے لیے ملتوی بھی کیا۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیر تک عدالتی حکم پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔