اسرائیل کا سائرن بجا کر دوبارہ جنگ کا آغاز

image

 سفارتی کوششیں ناکام، اسرائیل کی فوج نے سائرن بجاتے ہی غزہ میں پناہ گزین کیمپوں کے قریب بمباری شروع کر دی، حماس اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

غزہ: (ویب ڈیسک) حماس اور اسرائیل جنگ بندی کی بین الاقوامی سفارتی کوششیں بھی ناکام ہو گئیں ہیں، اسرائیلی فوج  نے سائرن بجا کر دوبارہ جنگ کا اعلان کرچ دیا، اسرائیلی فورسز کی شمالی اور وسطی غزہ میں پناہ گزین کیمپوں کے قریب شدید بمباری شروع کر دی، شمالی اور وسطی غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں 7 روز بعد عارضی جنگ بندی ختم ہوگئی، جس کے بعد شمالی غزہ پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، اسرائیلی فوج  نے جنگ شروع کرنے سے پہلے سائرن بجایا اس کے بعد شمالی اور وسطی غزہ میں نصیرات اور بوریج پناہ گزین کیمپوں کے قریب بمباری کی، حماس اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان بھی غزہ کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی کوششوں سے ہونے والی 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے دوران دونوں طرف کے قیدیوں کو رہا کیا گیا، اس دوران غزہ میں امدادی سامان بھیجا گیا۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے زخمیوں کو طبی امداد دی گئی، اسرائیلی حکام نے معاہدے کے مطابق 63 فلسطینی خواتین اور 147 بچوں کو رہا کیا، حماس نے 105اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا، مصری حکام کے مطابق 2,781 امدادی ٹرک جنگ بندی کے دوران رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔