جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کی منظوری دیدی گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے تمام 52 نئی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی، منظور شدہ ادویات میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا اور پارکنسن کی ادویات شامل ہیں۔
منظور شدہ ادویات میں کینسر کی جدید امیونو تھراپی دوا کی ٹروڈا، جو دنیا بھر میں 20 سے زائد اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتی ہے، نیوو لومیب، ڈاسا تینیب، مر وپینم اور انسولین بھی شامل ہیں۔ وزارتِ صحت نے مریضوں کی مشکلات کے باعث فوری قیمتوں کی منظوری پر زور دیا ہے، تاخیر کے باعث مریض غیر رجسٹرڈ، اسمگل شدہ اور مہنگی درآمدی ادویات لینے پر مجبور تھے۔
وزیر خزانہ نے ادویات کی قیمتوں کے فیصلوں میں شفافیت اور عوامی مفاد پر زور دیا، حکام کے مطابق فیصلے سے معیاری ادویات کی دستیابی بہتر اور غیر قانونی سپلائی پر انحصار کم ہو گا۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکریٹری صحت اور ڈریپ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔