اقوامِ متحدہ میں بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی قونصلر صائمہ سلیم نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ سلامتی کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود خطے میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث ہے۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت کا سینیئر جاسوس کلبھوشن یادیو اور اس کا کیس پاکستان کے اندر بھارتی دہشت گردی کا سب سے واضح اور ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر نہ تو بھارت کا کوئی اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی یہ اس کا داخلی معاملہ ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی سلامتی قرار دادوں سے مسلسل انحراف کر رہا ہے۔
پاکستانی قونصلر نے آزاد کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے حالات کا تقابل کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے حالات میں واضح اور زمین آسمان کا فرق ہے۔ ایک طرف مکمل سیاسی آزادی ہے تو دوسری طرف شدید جبر، بے جا گرفتاریاں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیری عوام کے نا قابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جا سکتا۔