جرمن صدر کا دوحہ میں استقبال بدنظمی کا شکار
طیارہ طے شدہ شیڈول سے آدھا گھنٹہ پہلے لینڈ کر گیا، قطری میزبان تاخیر سے پہنچے، جرمن صدر طیارے کے دروازے پر استقبال کرنے والوں کا انتظار کرتے رہے۔
دوحہ: (ویب ڈیسک) عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر کو دوحہ ایئرپورٹ پر اپنے استقبال کیلئے آنے والے میزبانوں کا طویل انتظار کرنا پڑ گیا۔ وہ طیارے کے دروازے پر کھڑے ہو کر آدھے گھنٹے تک انتظار کرتے رہے۔ قطر کے ایئرپورٹ پر جرمنی کے صدر کے استقبال کیلئے طیارے کی لینڈنگ کی جگہ پر ریڈ کارپٹ بھی رکھا ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق گارڈ آف آنر دینے والے فوجی بھی تھے اور تمام انتظامات بھی مکمل تھے لیکن قطری حکام موجود نہ تھے۔ جرمنی کے صدر کو اس کوفت کا سامنا اس لیے کرنا پڑا کیونکہ ان کا طیارہ اپنے مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے ایئرپورٹ پر پہنچ گیا تھا۔ ان کا رن وے پر ہی استقبال ہونا تھا اور رن وے پر میزبانوں کو رسائی عین مقررہ وقت ہی دی جاتی ہے۔
صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر وقت سے آدھا گھنٹے قبل ہی پہنچ گئے تھے اس لیے میزبان موجود نہیں تھے۔ کچھ وقت انتظار کے بعد حکام بھی آ گئے اور اس بدنظمی پر معذرت بھی کی گئی۔ جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے جرمن شہریوں کی رہائی کیلئے قطر پہنچے ہیں جو ابھی تک حماس کی قید میں ہیں۔