امریکی صدر ٹرمپ کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکی صدر اور قطری امیر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر نے علاقائی تنازعات کے حل میں قطر کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے دوحہ کی ثالثی کوششوں کی تعریف کی۔ قطری امیر نے اس موقع پر مذاکرات کو ہی مسائل کے پائیدار حل کا مؤثر راستہ قرار دیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مختلف معاملات پر پیش رفت کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مؤثر مذاکرات کے لیے جنگ بندی کا برقرار رہنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مختلف مسودوں اور تجاویز پر رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر، پاکستان، عمان اور دیگر ثالث ممالک دونوں فریقین کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ ان سفارتی رابطوں کا مقصد مذاکرات کو نتیجہ خیز بناتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنا ہے۔