جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج

image

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس میں اضافے کے خلاف کل ملک بھر میں شدید احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کل ملک کی 510 اہم سڑکوں پر مظاہرے کرے گی جس سے بڑے شہروں کا ٹریفک نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو اس احتجاج کو دھرنے میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ 

امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن لاہور منصورہ سے ملک بھر کے احتجاج کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔ لاہور میں کل شام 4 بجے تمام اہم شاہراہیں احتجاجاً بند کی جائیں گی۔ جماعت اسلامی کا مرکزی احتجاج قرطبہ چوک مزنگ میں ہو گا جبکہ فیروز پور روڈ، جیل روڈ اور ملتان روڈ پر بھی مظاہرے ہوں گے۔ 

لاہور کے تمام مظاہروں سے جماعت کی مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی۔ دیگر بڑے شہروں میں اسلام آباد کے 26 نمبر اسٹاپ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ کراچی کی مصروف ترین شاہراہ شاہراہِ فیصل کو احتجاج کیلئے بند کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سوات موٹروے کو بھی احتجاج کے باعث بلاک کیا جائے گا۔