بھارتی ائیر لائنز مالی مشکلات کا شکار

image


نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں ایوی ایشن سیکٹر کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی جریدہ دی وائر کے مطابق مہنگے ایندھن، کمزور بھارتی روپیہ اور پالیسی مسائل نے فضائی صنعت کو بحران میں دھکیل دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان عوامل نے کئی ایئرلائنز کی مالی صورتحال کو بری طرح متاثر کیا۔

رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کے دور میں کم از کم 10 بھارتی ایئرلائنز بھاری مالی نقصانات کے باعث اپنی سرگرمیاں بند کر چکی ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی پروازوں کے آپریشنل اخراجات میں مزید اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق اس صورتحال نے ایوی ایشن شعبے کے مسائل کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

معروف بھارتی صحافی پالکی شرما کے مطابق موجودہ معاشی اور پالیسی چیلنجز بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے سنگین بحران کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ ان کے بقول غلط فیصلوں اور ناقص حکمت عملی کا براہِ راست اثر فضائی کمپنیوں کی کارکردگی پر پڑا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات نے بھارتی ایئرلائنز کو بھاری مالی دباؤ اور مسلسل نقصانات سے دوچار کر دیا ہے۔