بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر قانون سازی کیلئے درخواست دائر

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ درخواست میں بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کیلئے مؤثر عمر کی تصدیق کا نظام بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے بچوں کو سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسگی اور نقصان دہ مواد سے محفوظ بنانے کیلئے قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔

درخواست میں آسٹریلیا، فرانس، برطانیہ، نیوزی لینڈ اور اسپین کے اقدامات کو تقابلی مثالوں کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے "آن لائن سیفٹی ایکٹ 2023ء" اور آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق قانون سازی کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ فرانس میں والدین کی رضامندی اور دیگر ممالک میں عمر کی حد سے متعلق اقدامات بھی درخواست کا حصہ ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے عمر کی تصدیق، والدین کے کنٹرول اور نقصان دہ مواد سے تحفظ کا مؤثر نظام بنانے کی استدعا کی ہے۔ اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال اور جنرل کمنٹ نمبر 25 کو بھی قانونی بنیاد بنایا گیا ہے۔ وزارت آئی ٹی، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ، وزارت قانون، پی ٹی اے اور پیمرا کو فریق بناتے ہوئے خصوصی سوشل میڈیا پروٹیکشن میکنزم قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔