یورپی ملک میں ایران کے خلاف خفیہ اجلاس
تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا بعض علاقائی ممالک کو اعتماد میں لے کر دوبارہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ایرانی فوج کی مشترکہ کمانڈ کے مطابق اس سلسلے میں یورپ کے ایک ملک میں اجلاس بھی ہوا ہے۔ ایران نے مبینہ اجلاس میں شریک ملک یا ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے۔
ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹیلیجنس معلومات کے مطابق امریکا ایران کے خلاف کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس منصوبہ بندی میں بعض علاقائی ممالک بھی شامل ہیں۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کا ساتھ دینے والے ممالک کو بھی تنازع کا فریق تصور کیا جائے گا۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ دوبارہ حملے کی صورت میں خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور دیگر امریکی مفادات نشانے پر ہوں گے۔ دوسری جانب حالیہ دنوں میں ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کیلئے بھی شرائط پیش کی ہیں۔ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ معاہدے کی پاسداری اور شرائط پوری نہ ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔