ایم ڈی کیٹ 2026ء، امیدوار نتائج کے منتظر، جوابی کلید جلد جاری ہونے کا امکان

image


کراچی: (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی اور تین گھنٹے جاری رہنے والے امتحان کے بعد اب نتائج کے منتظر ہیں۔ امتحان کے بعد سوالیہ پرچہ اور سرکاری جوابی کلید (Answer Key) پی ڈی ایف کی صورت میں جاری کی جائے گی، جس کی مدد سے امیدوار اپنے جوابات کا درست جوابات سے موازنہ کرکے ممکنہ اسکور کا اندازہ لگا سکیں گے۔ تاہم حتمی داخلہ عمل کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتیجہ ہی قابلِ اعتبار ہوگا۔

ایم ڈی کیٹ 2026ء پیپر بیسڈ امتحان تھا، جس میں مجموعی طور پر 180 کثیرالانتخابی سوالات شامل تھے اور سیکیورٹی کے پیش نظر صوبوں کیلئے الگ سوالیہ پرچے اور متعدد ورژنز تیار کیے گئے تھے۔ پیپر میں بائیولوجی کے 81، کیمسٹری کے 45، فزکس کے 36 جبکہ انگلش اور لوجیکل ریزننگ کے 9، 9 سوالات شامل تھے، جبکہ سوالات کی مشکل سطح بھی مقررہ تناسب کے مطابق رکھی گئی۔ امتحان میں منفی مارکنگ نہیں تھی، اس لیے غلط جواب دینے پر امیدوار کے حاصل کردہ نمبروں میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مقررہ معیار کے مطابق ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے کم از کم 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کیلئے کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہیں۔ امیدوار جوابی کلید کے ذریعے اپنے ممکنہ نمبر معلوم کرسکتے ہیں، تاہم حتمی نتیجہ اور داخلے سے متعلق آئندہ مراحل متعلقہ یونیورسٹی اور مجاز حکام کے جاری کردہ سرکاری نتائج کی بنیاد پر ہوں گے۔ رجسٹریشن، نصاب یا امتحانی طریقہ کار سے متعلق وضاحت کیلئے امیدوار PMDC سے examination@pmdc.pk پر رابطہ کرسکتے ہیں۔