انٹرویو کے دوران اے آئی اداکارہ کے سسٹم میں گڑبڑ
لندن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) اے آئی سے بنی اداکارہ ٹِلی نارووڈ ایک انٹرویو کے دوران اچانک چینی زبان بولنے لگی۔ یہ انٹرویو میزبان پیئرز مورگن اور اداکار ٹام کونٹی کے ساتھ ہو رہا تھا۔ اے آئی اداکارہ کی جانب سے اچانک زبان بدلنے پر دونوں میزبان حیران رہ گئے۔
ٹام کونٹی نے ٹِلی سے پوچھا کہ فلم میں اس کے ساتھ دوسرے اداکار اصلی ہیں یا کمپیوٹر سے بنے ہوئے ہیں۔ پہلے تو ٹِلی نے جواب گھما دیا اور کہا کہ فلم اصلی لوگوں نے ہی بنائی ہے۔ پھر دوبارہ پوچھنے پر اس نے کہا کہ باقی اداکار بھی اس کی طرح ڈیجیٹل ہیں۔
جواب دیتے ہوئے ہی ٹِلی اچانک انگریزی چھوڑ کر چینی زبان میں بولنے لگی۔ اس پر مورگن نے کہا کہ تم بغیر وجہ چینی زبان کیوں بولنے لگی ہو۔ ٹِلی نے فوراً معافی مانگی اور کہا کہ یہ ایک تکنیکی خرابی تھی۔ اس نے کہا کہ میں نے جان بوجھ کر چینی زبان نہیں بولی، اس کے الفاظ میں کبھی کبھی گڑبڑ ہو جاتی ہے۔
یہ واقعہ فلم 'مس الائنڈ' کے انٹرویو کے دوران پیش آیا۔ یہ فلم ایک کامیڈی ڈراما ہے جس میں ٹِلی مرکزی کردار ہے۔ ٹِلی اصلی انسان نہیں بلکہ اے آئی سے بنا کردار ہے۔ اس واقعے کے بعد فلموں میں اے آئی کے استعمال پر بحث پھر سے تیز ہو گئی ہے۔