ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا نیا طریقہ کار نافذ
لاہور: (نیوز ڈیسک) ڈرائیونگ لائسنس کے امیدواروں کیلئے نیا طریقہ کار آج 17 ستمبر 2026ء سے نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ای سائن ٹیسٹ، روڈ ٹیسٹ اور فیس کی ادائیگی کے مراحل کیلئے مقررہ مدت کی پابندی لازمی ہوگی۔ نئے نظام کے مطابق ای سائن ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدوار کو 24 گھنٹے کے اندر روڈ ٹیسٹ دینا ہوگا۔ مقررہ وقت میں روڈ ٹیسٹ نہ دینے کی صورت میں ای سائن ٹیسٹ کا نتیجہ ایکسپائر ہوسکتا ہے اور امیدوار کو دوبارہ ٹیسٹ دینا پڑ سکتا ہے۔
روڈ ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد امیدوار کو پی ایس آئی ڈی کے ذریعے لائسنس فیس ادا کرنا ہوگی، جس کیلئے پی ایس آئی ڈی جاری ہونے کے بعد 7 دن کی مہلت مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ مدت میں فیس جمع نہ ہونے کی صورت میں پی ایس آئی ڈی ایکسپائر ہوسکتا ہے اور لائسنس کے حصول کا عمل منسوخ ہونے کے بعد امیدوار کو متعلقہ مراحل دوبارہ مکمل کرنا پڑ سکتے ہیں۔ نئے طریقہ کار میں ای سائن ٹیسٹ اور روڈ ٹیسٹ سمیت تمام مراحل کو باہمی طور پر مربوط کردیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت روڈ ٹیسٹ کے مقام سے ہی امیدوار کی ڈرائیونگ لائسنس کیلئے درخواست متعلقہ سسٹم میں جمع کرائی جائے گی، جس سے پورا عمل مزید مربوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ تمام مراحل کو ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے تاکہ امیدوار کے ٹیسٹ، درخواست اور فیس کی ادائیگی کا ریکارڈ ایک ہی نظام میں موجود رہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام اضلاع کے ٹریفک سربراہان کو نئے طریقہ کار پر یکساں اور من وعن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔