19 سال بعد شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ، دوطرفہ تعاون کے نئے دور کا آغاز
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے 19 سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کا اہم دورہ کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان سیاسی، سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شامی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، جبکہ شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم اور پاکستان کے علاقائی کردار کو سراہا۔
دونوں ممالک نے عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی اور دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد پر بھی بات چیت کی۔ شامی حکام کے مطابق پاکستان اور شام کے بڑھتے ہوئے تعاون کو خطے میں استحکام اور دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔