کشیدگی کے باوجود پاک انڈیا وزرائے اعظم ایک چھت تلے ہونگے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس یکم ستمبر کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اجلاس میں روس، چین اور ایران کے صدور کی شرکت بھی متوقع ہے۔ رکن ممالک کے سربراہان اجلاس میں خطے کی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور دیگر علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یکم ستمبر کو ایس سی او پلس اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں ترکیہ اور بیلاروس کے سربراہان کے علاوہ منگولیا، آذربائیجان، آرمینیا اور ٹوگو کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست کو بشکیک پہنچیں گے اور اگلے روز ایس سی او سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 2 ستمبر کو کرغزستان کا دوطرفہ دورہ بھی کریں گے۔
ایس سی او کے رواں سال کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کرغزستان کر رہا ہے اور کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس یکم ستمبر 2026 کو بشکیک میں ہوگا، جس کی تیاریوں کو جولائی میں حتمی شکل دی گئی تھی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ایک ہی کثیر ملکی فورم پر شرکت اجلاس کی اہمیت بڑھا رہی ہے۔ تاہم دونوں وزرائے اعظم کے درمیان الگ سے دوطرفہ ملاقات طے ہونے کی تاحال کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔