سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈیل کرنا ہوتی تو وہ 3 سال قید نہ کاٹتے۔ بیرسٹر گوہر نے واضح طور پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج اور طبی معائنے کیلئے شفا اسپتال کے بجائے پمز ہسپتال لے جایا گیا۔ ان کے مطابق مطلوبہ طبی ٹیسٹ نہیں کیے گئے اور میڈیکل بورڈ میں بانی پی ٹی آئی کی بہن اور ذاتی معالج کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پمز ہسپتال لے جانا سپریم کورٹ کے حکم کی واضح خلاف ورزی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معاملات سے متعلق سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رجسٹرار نے درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام طبی ٹیسٹ کرائے جائیں اور میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل کو شامل کیا جائے۔