علاقہ نمائندگان کی اہم اپیل! میانڈھیری اور نقارچیاں سمیت 5 دیہات میں فوری امداد کی ضرورت، متاثرین سراپا احتجاج
تربیلہ غازی: (نیوز ڈیسک) میاں ڈھیری اور نقارچیاں کے علاقے میں فوری امداد کی اپیل اور متاثرہ علاقوں کی بحالی بشمول مستقل بنیادوں پر مسئلے کے حل پہ زور دینے کے لئے احتجاج کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ 5 دیہاتوں کے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے عوام حکومتی نمائندگان کی جانب نظریں جمائی منتظر ہے۔
تربیلا غازی کے علاقے، بالخصوص میان ڈھیری، نقارچیاں اور ملحقہ دیہات سے متعلق ایک اہم عوامی اپیل پیش کی جا رہی ہے۔ شدید بارشوں اور پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث متعدد علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور بنیادی سہولیات کے مستقل حل کی ضرورت کے مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔
شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، جہاں سیلابی ریلوں اور برساتی نالوں کے بند ٹوٹنے سے سڑکیں، رابطہ راستے، زرعی اراضی اور آبادی کے متعدد حصے متاثر ہوئے، جبکہ کئی مکانات اور قبرستان کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔ کئی قبروں کا نام نشان مٹ گیا اور کئی قبروں میں بڑے بڑے سوراخ ہو گئے۔ اس صورتحال میں علاقے کے پانچ دیہات کے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی مدد کے لیے متعلقہ حکام، ضلعی انتظامیہ، امدادی اداروں، مخیر حضرات اور صاحبِ حیثیت افراد سے بھرپور توجہ اور عملی تعاون کی اپیل کی جا رہی ہے۔ قدرتی آفات اور سیلاب جیسی صورتحال میں بروقت امداد متاثرہ خاندانوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ خوراک، صاف پانی، رہائش، ضروری اشیائے زندگی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اجتماعی طور پر کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دی ویووز نیٹ ورک کا مقصد عوامی مسائل، متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور عوام کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ اگر آپ اس علاقے سے تعلق رکھتے ہیں یا متاثرین کی مدد کر سکتے ہیں تو اس اپیل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ ضرورت مند خاندانوں کی آواز متعلقہ اداروں اور صاحبِ حیثیت افراد تک پہنچ سکے۔