سانحہ پمز کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پمز اسپتال کے نرسری وارڈ میں لگنے والی آگ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر کے وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ شاہد خان نے تیار کی اور اس پر تمام اراکین کے دستخط ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کی وجوہات کیا تھیں اور اس میں کون لوگ ذمہ دار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے وقت ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال میں علاج کی سہولیات بہت ناکافی تھیں اور کوئی بھی چیز عالمی معیار کے مطابق نہیں تھی۔ کمیٹی نے پمز انتظامیہ، ڈاکٹروں، فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملے کے بیانات بھی شامل کیے ہیں۔ رپورٹ میں ان عملے کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے جو واقعے کے وقت ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے۔
وزیراعظم نے رپورٹ پڑھنے کے بعد فوری ایکشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امکان ہے کہ غفلت کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف جلد سخت قانونی اور انتظامی کارروائی ہوگی۔ کمیٹی نے مستقبل میں ایسے حادثات روکنے کیلئے تجاویز بھی دی ہیں۔ واضح رہے کہ اس افسوسناک واقعے میں پمز کی نرسری میں 15 نومولود بچے جاں بحق ہوئے تھے۔