فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ، دفاعی خود انحصاری اور جدید پیداوار پر بریفنگ

image


راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے آپریشنز، پیداواری سرگرمیوں اور دفاعی مصنوعات کے برآمدی امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے اسلحے اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور ٹرائلز کا بھی مشاہدہ کیا۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹری ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے اور مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی مقامی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پی او ایف میں اسلحے اور گولہ بارود کی مقامی سطح پر تیاری کے ذریعے دفاعی خود انحصاری کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ انڈیجنائزیشن، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیداواری صلاحیت میں اضافے پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ادارے میں انڈیجنائزیشن اور اپ گریڈیشن کے لیے دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب جاری ہے، جن کے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع کرنے کا امکان ہے۔ دورے کے دوران دفاعی پیداوار میں خود انحصاری، مقامی تیاری اور تکنیکی جدت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔