روس کا ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعلان
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بشکیک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس مشکل حالات میں ایران کو ضروری مدد فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماسکو تہران کے ساتھ رابطوں اور باہمی تعاون کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ پیوٹن کے بیان کو روس اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یوکرین جنگ کے حوالے سے روسی صدر نے کہا کہ یوکرین کے توانائی مراکز پر بڑے حملے کی تیاری کی جا رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ روسی افواج بالآخر فتح حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روس کیلئے سب سے بڑا چیلنج یوکرینی ڈرون حملے ہیں، تاہم ماسکو ان حملوں سے مؤثر انداز میں نمٹ رہا ہے۔ پیوٹن نے یوکرین کی جانب سے روسی فضائی حدود بند کرنے کی دھمکی کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ روس اس کا بھرپور جواب دے گا۔
دوسری جانب پیوٹن نے کہا کہ اگر کوئی امریکی نمائندہ یوکرین کے معاملے پر مثبت پیش رفت لانے میں کامیاب ہوتا ہے تو ماسکو کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔ تاہم ان کے مطابق اس کیلئے یوکرین کے معاملے پر سنجیدہ اور ٹھوس مذاکرات ضروری ہیں۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس ایک طرف جنگی دباؤ برقرار رکھنے اور دوسری جانب ممکنہ سفارتی پیش رفت کے دروازے کھلے رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔