ہماری حکمت عملی امریکی بنیادوں کو ہلا دے گی: محسن رضائی
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکہ اپنی ہی پیدا کردہ مشکلات سے نکلنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق میدانِ جنگ، سفارت کاری اور معاشی محاصرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کی نئی حکمتِ عملی امریکہ کی بنیادوں کو ہلا دے گی۔ رضائی نے اس حکمتِ عملی کو امریکہ کے خلاف ایران کی مزاحمت کا اہم حصہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے خطے کے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی فوج کو اپنے علاقوں سے نکالیں، بصورت دیگر انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی بریگیڈیئر جنرل یداللّٰہ جوانی نے کہا کہ خطے کے ممالک کے لیے بہتر ہوگا کہ امریکی فوج کو نکال کر فوجی اڈوں کا کنٹرول خود سنبھالیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کویت، بحرین، اردن یا کسی بھی دوسرے ملک سے ہونے والی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بریگیڈیئر جنرل یداللّٰہ جوانی کے مطابق ایرانی مسلح افواج جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے رہی ہیں اور ایران کے خلاف کارروائی کرنے والے ملک کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ادھر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ دشمن کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر تہران کو اپنی دفاعی اور الیکٹرانک صلاحیتیں مزید مضبوط بنانا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ خطرات کے مقابلے کے لیے ان صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔