ہالی ووڈ اداکار نے ٹرمپ انتظامیہ کو نااہل حکومت قرار دے دیا

image


واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے معروف اداکار جارج کلونی نے موجودہ امریکی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو نااہل ترین افراد چلا رہے ہیں۔ وینس فلم فیسٹیول کے افتتاحی روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جارج کلونی نے کہا کہ موجودہ حالات میں وہ ایسے نظامِ حکومت میں جی رہے ہیں جہاں کم ترین صلاحیت رکھنے والے افراد اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے امریکی حکومت کے طرزِ عمل پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران جارج کلونی نے مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلی اور فلمی صنعت سمیت مختلف موضوعات پر بھی گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے امیر ترین افراد بڑے میڈیا اداروں کے مالک بن چکے ہیں جس سے معلومات کی غیر جانب داری اور میڈیا کی آزادی سے متعلق اہم سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ امریکی اداکار نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے معاشرے میں اخلاقی اقدار اور شائستگی کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

جارج کلونی نے امریکا کی ماضی کی شورش زدہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے خود کو ایک پرامید انسان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 1968ء کا وہ دور بھی دیکھ چکے ہیں جب امریکا میں شدید بدامنی تھی، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور بوبی کینیڈی کو ایک ہی سال میں قتل کر دیا گیا تھا جبکہ دارالحکومت میں ٹینک تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات حکومتی اقدامات پر چیک اینڈ بیلنس قائم کرنے میں کردار ادا کریں گے اور 2028ء تک امریکا میں حالات معمول پر آنے اور نظام کی بحالی کی امید ہے۔