قصور کے قریب بھارتی فورسز کی فائرنگ، 2 پاکستانی شہری شہید

image


قصور: (نیوز ڈیسک) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ شامل ہیں، دونوں کا تعلق لدھڑ کے علاقے جٹاں والی حویلی سے بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں شہریوں نے بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی اور انہیں مبینہ طور پر بغیر وارننگ نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر فائرنگ بارڈر معاہدے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کو مبینہ درانداز قرار دیا ہے، تاہم اس حوالے سے بھارتی اور پاکستانی مؤقف میں واضح اختلاف پایا جاتا ہے۔