10 اکتوبر سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

image


لاہور: (نیوز ڈیسک) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے الٹی میٹم دیتے ہوئے 10 اکتوبر سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود طارق کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں تنظیم کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ 

ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے دوران تحویل میں لیے گئے کنٹینرز اور گاڑیاں فوری واپس کی جائیں اور متعلقہ مالکان کو 20 ہزار سے 35 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ راستوں میں گاڑیوں کو روک کر سیلز ٹیکس انوائس کے نام پر بھاری جرمانے اور مبینہ ہراسانی کا سلسلہ ختم کیا جائے جبکہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیشِ نظر ڈیزل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے۔ 

ٹرانسپورٹرز رہنماؤں کے مطابق گزشتہ ہڑتالوں اور مذاکرات کے دوران حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر تاحال مکمل عمل درآمد نہیں ہوا، جس کے باعث ٹرانسپورٹ کا شعبہ مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر 10 اکتوبر سے قبل مطالبات کا حل نہ نکالا گیا تو ملک بھر میں سامانِ تجارت کی ترسیل روک دی جائے گی، جس سے سپلائی چین اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔