صومالیہ میں جہاز سے اغواء کیے گئے 4 پاکستانی بازیاب

image


اسلام آباد:(نیوز ڈیسک) صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانیوں میں سے 4 کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی شامل ہیں۔ بازیاب کرائے گئے پاکستانی کل کراچی پہنچیں گے۔

اسحاق ڈار نے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا 3 پاکستانیوں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد کی میتیں وطن واپس لانے کیلئے قانونی کارروائی تیزی سے جاری ہے۔ باقی 3 پاکستانی عمران علی، یاسین اور سید یوسف ابھی بھی جہاز پر ہیں اور ان کی رہائی کیلئے دوست ممالک سے رابطے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ یہ آئل ٹینکر 21 اپریل کو عمان سے صومالیہ جا رہا تھا جب اسے پنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب اغواء کیا گیا۔ 29 ستمبر کو صومالی میری ٹائم پولیس نے جہاز کو آزاد کرانے کیلئے آپریشن کیا تو قزاقوں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔