کور کمانڈرز کانفرنس، 9 مئی جیسے حالات سے نمٹنے کا عزم

image


راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے ملک میں داخلی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو بلاامتیاز قانون کے مطابق فیصلہ کن طاقت سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کور کمانڈرز نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے دفاعی حق اور ٹارگٹڈ کارروائیوں پر زور دیا۔ فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ نچلی سطح پر عوامی مرکز گورننس، مؤثر رابطہ کاری اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ بھی ضروری ہے۔

فورم نے دہشت گردی کی معاون وجوہات سے نمٹنے، عوام کے ساتھ مؤثر رابطے اور دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور کثیرالجہتی صلاحیتوں کے ذریعے عسکری استعداد بڑھانے کی ہدایات بھی دی گئیں، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے مسلح افواج کی تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔