خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی قرارداد مشترکہ اجلاس میں پیش، 214 ارکان کی حمایت
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ صدر مملکت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق دستاویزات آئین کے آرٹیکل 232 کی شق 7، جبکہ گورنر راج کے نفاذ کے کاغذات آرٹیکل 234 کی شق 3 کے تحت ایوان کے سامنے رکھے گئے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے متعلقہ صدارتی اعلانات اور توثیق کی تحریک پیش کی۔
اجلاس کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، جس میں بچوں اور اساتذہ کے شہید ہونے کا ذکر کیا گیا۔ شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بعد ازاں قرارداد پر کارروائی کے دوران اپوزیشن ارکان نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا اور گنتی کو چیلنج کیا، جس پر اسپیکر نے حق اور مخالفت میں ارکان کی تعداد گننے کی ہدایت کی۔
قرارداد پر بحث کے آغاز میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مشترکہ اجلاس آئینی تقاضا پورا کرنے کے لیے بلایا گیا ہے اور اس معاملے پر سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھی گفتگو ہو چکی ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے نعرے بازی جاری رہی جبکہ ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق قرارداد پر بحث کا سلسلہ شروع ہوا۔
#NationalNews
#15thOct2026
#PakistanParliament
#KhyberPakhtunkhwa
#GovernorRule
#EmergencyRule
#NationalAssembly
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork