16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا پر پابندی کی درخواست پر سماعت
لاہور: (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق ایک اہم درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں 16 سال سے کم عمر بچے کھلے عام سوشل میڈیا استعمال کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بچوں کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے یا انہیں نقصان دہ مواد سے بچانے کیلئے کوئی مؤثر قانون یا نظام موجود نہیں ہے۔ درخواست میں دنیا کے دیگر ممالک کی مثالیں بھی دی گئیں۔ دوسرے ممالک میں بچوں کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا پر عمر کی حد کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے اپیل کی کہ پاکستان میں بھی اسی طرز پر 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔ اس اہم معاملے پر عدالت نے مزید قانونی رہنمائی کیلئے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو طلب کر لیا ہے، تاکہ آئندہ سماعت پر حکومت کا مؤقف سامنے آ سکے۔