پی ٹی آئی کے 43 کارکنوں کی نظر بندی کا معاملہ
کراچی: (نیوز ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں پاکستان تحریک انصاف کے 43 کارکنوں کی ایم پی او کے تحت نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت سمیت متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ سماعت کے دوران بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف اختیار کیا کہ نظر بندی کے احکامات 30 دن کیلئے ہیں، اس لیے 45 دن بعد سماعت مقرر کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 43 افراد جیلوں میں بند ہیں، ان کے اہل خانہ مشکلات کا شکار ہیں جبکہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بغیر نظر بندی کے احکامات غیر قانونی ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ جیلوں میں سینکڑوں افراد قید ہیں اور سب کے مقدمات اہم ہیں۔
بیرسٹر علی طاہر نے آئینی حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے جلد سماعت پر زور دیا۔ مسلسل استدعا کے بعد عدالت نے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اقبال میمن کو ذاتی حیثیت میں نوٹس جاری کر دیا ہے۔