کروز شپ سے سمندر میں گرنے والی خاتون کو یونانی کوسٹ گارڈ نے بچا لیا
ایل سلواڈور: (ویب ڈیسک) ایل سلواڈور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون رائل کیریبین کے کروز جہاز ’اوڈیسی آف دی سیز‘ میں سفر کررہی تھیں کہ ہفتے کے روز یونانی جزیرے زاکنتھوس کے قریب سمندر میں جا گریں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران مال بردار جہاز ’ایم ایس سی روزیلا تھری‘ کے عملے نے انہیں نارنجی رنگ کے لائف بوائے کو تھامے ہوئے دیکھا۔ عملے نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد یونانی کوسٹ گارڈ موقع پر پہنچ گیا۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے رسیوں کی مدد سے خاتون کو بحفاظت سمندر سے نکال لیا۔ کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران خاتون نے بتایا کہ انہوں نے جہاز سے اس لیے چھلانگ لگائی تھی کیونکہ وہ وہاں سے اترنا چاہتی تھیں۔ خاتون کو ریسکیو کرنے کے بعد فوری طور پر کاتاکولو بندرگاہ منتقل کیا گیا۔
بندرگاہ پہنچنے کے بعد خاتون کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال لے جایا گیا۔ یونانی حکام نے واقعے کے پیش نظر ان کے نفسیاتی معائنے کا حکم بھی دیا ہے۔ اس معائنے کا مقصد خاتون کی ذہنی حالت کا جائزہ لینا ہے۔