سندھ میں غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم

image

کراچی: (نیوز ڈیسک) کراچی میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے سندھ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ کا اچانک دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی سائٹ احمد فواد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے مختلف شعبوں کی کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ 

جام اکرام اللہ دھاریجو نے ملازمین کے حاضری رجسٹر خود چیک کیے اور غیر حاضر و تاخیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے تمام ملازمین کو وقت کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے مختلف شعبوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے تاجر برادری کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنے اور انتظامی امور میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے ادارے کے تمام شعبوں کی مجموعی کارکردگی مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا ہے۔