شور ختم کرنے والے انقلابی ایئر بڈز متعارف

image


کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) دنیا بھر میں لاکھوں افراد ٹریفک، گھریلو شور اور خراٹوں کی وجہ سے پرسکون نیند سے محروم رہ جاتے ہیں، لیکن اب اس مسئلے کا جدید حل سامنے آ گیا ہے۔ فور می بڈز 2 نامی انقلابی ایئر بڈز تیار کیے گئے ہیں جو نہ صرف ہر قسم کے شور کو روکتے ہیں بلکہ نیند کے دوران صحت کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔ ان ایئر بڈز کی سب سے بڑی خصوصیت ان کا انتہائی آرام دہ اور ہلکا پھلکا ڈیزائن ہے، جو کروٹ لینے پر بھی کانوں میں تکلیف نہیں دیتا۔

یہ ٹریفک، گھر کے شور اور خراٹوں سمیت ہر طرح کی آوازوں کو مؤثر طریقے سے کم کر کے گہری نیند میں مدد دیتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے لحاظ سے یہ عام ایئر بڈز سے کہیں آگے ہیں۔ ان میں نصب جدید سنسر رات بھر دل کی دھڑکن پر نظر رکھتا ہے، جبکہ صبح موبائل ایپ کے ذریعے نیند کا دورانیہ، نیند کے مختلف مراحل اور خراٹوں کی تفصیلات معلوم کی جا سکتی ہیں۔ 

کمپنی کے مطابق صارف کی یہ تمام معلومات ایئر بڈز کے اندر ہی پراسیس ہوتی ہیں اور سرور پر نہیں بھیجی جاتیں، جس سے پرائیویسی محفوظ رہتی ہے۔ کمپنی نے ان ایئر بڈز کی پیشگی بکنگ قیمت 99 ڈالر رکھی ہے، جبکہ عام قیمت 199 ڈالر متوقع ہے اور یہ رواں سال دسمبر تک مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔ تاہم یہ فی الحال کراؤڈ فنڈنگ مرحلے میں ہیں، اس لیے خریداری سے قبل ان کی دستیابی اور کارکردگی کو جانچنا ضروری ہے۔