پشاور ہائی کورٹ کا 3 ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کے مزید 23 کارکنوں کی رہائی کا حکم
پشاور: (نیوز ڈیسک) پشاور ہائی کورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 23 کارکنوں کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اکبر شیر، شہزاد، رضا اللہ، ثاقب، احسان اللہ اور مومن خان سمیت 23 درخواست گزاروں کی گرفتاریوں کے خلاف دائر رٹ پٹیشنز پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلا یاسر خٹک اور اظہر رحیم خان، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ثنا اللہ اور متعلقہ افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر مردان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی گئی تھی کہ درخواست گزاروں کو کن وجوہات اور حالات میں گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا، تاہم تاحال متعلقہ فریقین کی جانب سے رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ رپورٹ پیش نہ ہونے کے باعث موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ بینچ نے اس سے قبل اسی نوعیت کے مقدمات میں دیے گئے ریلیف کا حوالہ دیتے ہوئے ہر درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو نفری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ مقدمہ میرٹ پر زیرِ سماعت رہے گا اور ڈپٹی کمشنر مردان کو رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔
#NationalNews
#31stOct2026
#PeshawarHighCourt
#PTI
#KPK
#Pakistan
#Section3MPO
#CourtOrder
#KhyberPakhtunkhwa
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork