28 سال تک پیدل سفر، برطانوی شہری دنیا کا چکر مکمل کرکے گھر پہنچنے کے قریب

image

لندن: (ویب ڈیسک) کارل بشبائی نامی 57 سالہ شخص 28 سال قبل شروع ہونے والا اپنا طویل سفر مکمل کرنے کے لیے اب اپنے آبائی شہر ہل (Hull) پہنچنے کے قریب ہیں۔ کارل بشبائی نے یکم نومبر 1998 کو جنوبی امریکا کے ملک چلی کے شہر پنتا آریناس (Punta Arenas) سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ ان کا مقصد پیدل چلتے ہوئے دنیا کا چکر لگانا اور برطانیہ میں واقع اپنی والدہ کے گھر واپس پہنچنا تھا۔ انہوں نے سفر کے آغاز میں دو اصول طے کیے تھے کہ آگے بڑھنے کے لیے کسی قسم کی سواری استعمال نہیں کریں گے اور اپنے گھر واپسی کا سفر بھی پیدل ہی مکمل کریں گے۔ ابتدا میں یہ سفر تقریباً 5 سے 12 سال میں مکمل ہونے کی توقع تھی، تاہم مختلف ممالک کے ویزوں، سرحدی پابندیوں، سیاسی تنازعات، خراب موسم اور دیگر مشکلات کے باعث یہ مہم 28 سال تک طویل ہوگئی۔‏ اس دوران کارل بشبائی نے تقریباً 50 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور چار براعظموں سمیت درجنوں ممالک سے گزرے۔ ان کے سفر میں خطرناک جنگلات، صحراؤں، پہاڑی علاقوں اور منجمد خطوں سے گزرنا شامل تھا۔ 


کارل بشبائی نے آبنائے بیرنگ کے برفانی پانیوں اور انگلش چینل کو بھی عبور کیا، جبکہ بحیرہ قزوین کو تیر کر پار کرنے میں انہیں 31 دن لگے۔‏ روس میں داخلے، ویزے اور سرحدی پابندیوں کے باعث انہیں کئی سال مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران انہیں حراست میں بھی لیا گیا جبکہ مختلف سفری دستاویزات کے مسائل نے ان کے سفر کو مزید طویل کردیا۔ روس کا سفر مکمل کرنے میں ہی انہیں تقریباً 10 سال لگ گئے۔ کارل بشبائی 5 اکتوبر 2026ء کو فرانس سے انگلینڈ پہنچنے کے لیے انگلش چینل تیر کر عبور کرنے کے بعد برطانوی سرزمین پر قدم رکھنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم اس وقت بھی ان کی منزل تقریباً 400 کلومیٹر دور تھی۔ اب 31 اکتوبر کی اطلاعات کے مطابق وہ اپنے آبائی شہر ہل سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں اور 2 نومبر کو اپنی والدہ کے گھر پہنچ کر اس تاریخی مہم کو مکمل کرنے کی توقع ہے۔ اس غیر معمولی سفر کے دوران کارل بشبائی کے مطابق وہ اندازاً ساڑھے 7 کروڑ قدم چل چکے ہیں اور 10 ہزار سے زائد دن گھر سے دور گزارے ہیں۔


 بشبائی کا کہنا ہے کہ اس طویل مہم کے دوران انہیں بے شمار لوگوں کی مدد اور مہربانی حاصل ہوئی، جس نے مشکل ترین حالات میں بھی انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔‏ تقریباً تین دہائیوں پر محیط یہ سفر نہ صرف جسمانی برداشت بلکہ عزم، مستقل مزاجی اور انسانی حوصلے کی ایک غیر معمولی مثال بن گیا ہے۔ کارل بشبائی کے لیے اب آخری مرحلہ اپنے گھر پہنچنا اور 28 سال بعد اپنی والدہ سے دوبارہ ملنا ہے۔


International News
#01stNov2026
#KarlBushby #GoliathExpedition #WorldWalk #28YearsJourney #WalkingAroundTheWorld #UnitedKingdom #Chile 
#Adventure #HumanEndurance #InspiringStory 
#Hull 
 #TVN
 #News 
#TVNUrdu
TVNWorld
 #TheViewsNetwork