خیبرپختونخوا میں غیر محفوظ اسکول عمارتیں خالی کرانے کا حکم
پشاور: (نیوز ڈیسک) محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا نے خستہ حال اور خطرناک قرار دی گئی اسکول عمارتوں میں زیر تعلیم طلبہ کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق طلبہ کو متعلقہ اسکول کے محفوظ کمروں یا قریبی سرکاری تعلیمی اداروں میں منتقل کیا جائے گا۔ اگر سرکاری اسکولوں میں گنجائش یا ضروری سہولیات میسر نہ ہوں تو تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے کرائے کی عمارتوں کا انتظام کیا جائے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف خطرناک قرار دیئے گئے حصوں اور کمروں کو خالی کرا کے سیل کیا جائے گا، پوری عمارت کو بند کرنا ضروری نہیں ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق غیر محفوظ اسکول عمارتوں اور ان کے خطرناک حصوں کی نشاندہی محکمہ مواصلات و تعمیرات اور تکنیکی ماہرین نے کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوس ناک واقعے میں 33 بچے اور ایک خاتون ٹیچر شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔
#NationalNews
#1stNov2026
#KPNews
#EducationDepartment
#Peshawar
#TVN
#TVNNews
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork