پنجاب کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات متعارف، صنعتوں کی جدیدکاری اور سرمایہ کاری پر توجہ
لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اختراعی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ صنعتوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پیوٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ملکی معیشت اور قومی جی ڈی پی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے، اس لیے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق صوبے کی 36 ملین افرادی قوت کو ہنرمند بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، اب تک چار لاکھ اسکلڈ ورکرز تیار کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید چھ لاکھ ہنرمند کارکن تیار کرنے کا ہدف ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ آسان کاروبار اسکیم کے تحت تقریباً 200 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں اور ای بزنس کے ذریعے دو لاکھ سے زائد افراد این او سیز اور دیگر اجازت نامے حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا ٹیکس عائد کرنے کے بجائے ٹیکس نیٹ بڑھایا جا رہا ہے، جس سے صوبائی ریونیو 200 ارب روپے سے بڑھ کر ایک کھرب روپے تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے صنعتوں کی ترقی کے لیے 50 مشترکہ سہولتوں کو یکجا کرکے انڈسٹریل کلسٹرز قائم کرنے، چھوٹے اور درمیانے سرمایہ کاروں کی معاونت اور صنعتی زمین 80 ہزار سے دو لاکھ روپے ماہانہ لیز پر فراہم کرنے کے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیراعلیٰ نے سرٹیفکیشن اور ٹیسٹنگ کی مقامی سہولتوں کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس گڈز، کٹلری اور پنکھوں کی جانچ کے لیے بھی چین جانا پڑتا ہے، جس سے مقامی صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ضروری ہے، تاہم اس کی آڑ میں کارخانے بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، کیونکہ اس سے مزدوروں کی روزی متاثر ہوتی ہے؛ البتہ معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 1200 سے زائد اسٹارٹ اپ کام کر رہے ہیں، جبکہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری بھی ترقی کر رہی ہے۔ زرعی شعبے میں کسانوں کو سبسڈی پر ٹریکٹرز اور جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے اور رواں سال 45 ہزار ٹریکٹرز کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مریم نواز نے بینکوں سے کاروباری فنانس کے ضوابط آسان بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بے یقینی، بدامنی اور احتجاج کے ماحول میں صنعت و کاروبار ترقی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف کارروائی جاری رکھنے، رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو وہ استعفیٰ دے دیں گی۔
#NationalNews
#30thOct2026
#MaryamNawaz
#Punjab #IndustrialDevelopme
nt
#DigitalPunjab
#Investment
#EconomicReforms
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork