امریکا کے بڑے بینکوں میں تکنیکی خرابی، آن لائن سروسز اور لین دین متاثر

image

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پیر کی سہ پہر امریکا کے صفِ اول کے بینکوں جے پی مورگن چیز، بینک آف امریکا، ویلز فارگو اور یو ایس بینک کے نظام میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر ویب سائٹ پر صرف چیز بینک کے حوالے سے تقریباً 5 ہزار صارفین نے آن لائن بینکنگ اور رقم کی منتقلی میں رکاوٹ کی شکایات درج کرائیں۔ جے پی مورگن چیز کا کہنا ہے کہ ہارڈ ویئر سسٹمز میں سافٹ ویئر کے مسئلے کی وجہ سے یہ صورت حال پیش آئی، جس کے اثرات دیگر بینکوں اور ڈیجیٹل ادائیگی کے پلیٹ فارم زیل پر بھی پڑے، تاہم اس کا تعلق کسی سائبر حملے سے نہیں ہے۔

تکنیکی رکاوٹوں کے باعث صارفین کو اکاؤنٹ بیلنس چیک کرنے، موبائل ایپس استعمال کرنے اور اے ٹی ایم سے لین دین میں خاصی دشواری پیش آئی، جبکہ ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں برانچ کے اندر چیک جمع کرانے کا عمل بھی عارضی طور پر معطل رہا۔ دوسری جانب ٹرسٹ، پی این سی اور کیپیٹل ون بینک کے صارفین نے بھی مسائل کی نشاندہی کی، لیکن ان اداروں نے اپنے سسٹمز متاثر ہونے کی تردید کی۔ امریکی وقت کے مطابق پیر کی شام 6 بجے تک شکایات میں نمایاں کمی آنے لگی اور بینکوں نے تصدیق کی کہ صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، البتہ بعض ادائیگیوں میں معمول سے کچھ زیادہ وقت لگ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بینکنگ بحران ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کا فضائی شعبہ بھی مسلسل تکنیکی مسائل کی زد میں ہے۔ پیر ہی کے روز یونائیٹڈ ایئرلائنز کا سسٹم خراب ہونے سے پروازوں کی روانگی کئی گھنٹے متاثر رہی، تاہم کمپنی نے اسے محض ایک تکنیکی خرابی قرار دیا۔ اس سے قبل جمعے کو امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بھی نیٹ ورک اپ گریڈ اور ٹیلی کمیونیکیشن کی خرابی کے سبب ملک بھر میں چار گھنٹے سے زائد وقت کے لیے پروازیں معطل رکھی تھیں۔