قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر
اسلام آباد: (اکنامک ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ سال میں قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کی برآمدات کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مقامی سطح پر تراش خراش، ویلیو ایڈیشن، عالمی معیار کی سرٹیفکیشن اور جدید کان کنی کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال نے اسلام آباد میں چار روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر رکھتا ہے جن کا تخمینہ 450 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، لیکن اس وقت سالانہ برآمدات صرف 5.8 ملین ڈالر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں زمرد، یاقوت، پکھراج اور ایکوا میرین سمیت 30 سے زائد اقسام کے پتھر پائے جاتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ قومی پالیسی 2026-2030 کے تحت سرٹیفکیشن نظام، نیشنل وارنٹی آفس، ارضیاتی نقشہ سازی، نجی شعبے کی تربیت اور مراکز امتیاز قائم کیے جائیں گے تاکہ پاکستانی پتھروں کو عالمی منڈی میں برانڈ پاکستان کے طور پر متعارف کرایا جا سکے۔ ورکشاپ 17 سے 20 نومبر تک جاری رہے گی جس میں عالمی منڈی کے رجحانات، جدید کٹنگ اور کاروباری روابط پر بات ہو گی۔