یورپی یونین کی روس پر نئی پابندیاں، 50 بینکوں اور 113 شہریوں کو نشانہ بنا دیا
برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کے جاری کردہ بیان کے مطابق نئی پابندیوں کا ہدف ایسے افراد اور ادارے ہیں جو روس کی جنگی کارروائیوں کے لیے آمدنی فراہم کرتے ہیں یا روس کے خفیہ تیل بردار بحری بیڑے کی معاونت میں کردار ادا کرتے ہیں۔ پابندیوں میں روس کے مالیاتی نظام اور توانائی کے شعبے سے وابستہ اداروں کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ روس کے بینکاری شعبے پر پابندیوں میں اضافے کا مقصد ان مالیاتی ذرائع کو محدود کرنا ہے جن کے ذریعے روسی حکومت کی آمدنی منتقل ہوتی ہے اور جنگی اخراجات پورے کیے جاتے ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے روس کے لیے جنگی سرگرمیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے امکانات کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
یورپی یونین نے اپنے بیان میں ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ روس کے خلاف نئی پابندیاں یورپی یونین کی جانب سے جاری معاشی دباؤ کی پالیسی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد روس کی جنگی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی محدود کرنا ہے۔