یوکرین کا کرچ پُل پر 24 گھنٹوں میں دوسرا بڑا حملہ

image


کیف: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان حملوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ یوکرین نے 24 گھنٹوں کے دوران کریمیا کے اہم کرچ پُل پر دوسرا بڑا حملہ کر دیا، جس کے بعد ٹریفک معطل کر دی گئی۔ دوسری جانب کیف پر روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں شہری انفراسٹرکچر بھی متاثر ہوا ہے۔

روسی حملوں کے جواب میں یوکرین نے کریمیا کے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل کرچ پُل کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے اس دوسرے بڑے حملے کے بعد پُل پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ حکام نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

کرچ پُل کریمیا کو روسی علاقے کراسنودار سے ملاتا ہے اور اسے صدر ولادیمیر پیوٹن کے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یوکرینی حملے کے بعد کریملن حکام نے پُل کو پہنچنے والے نقصان کو معمولی قرار دیا ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت آمدورفت روک دی گئی ہے۔

اس سے قبل روسی فوج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کرتے ہوئے دو بڑے پُلوں کو نشانہ بنایا تھا، جس سے شہری انفراسٹرکچر متاثر ہوا۔ کیف کے میئر کے مطابق دریائے دنیپرو پر قائم آٹھ بڑے پُل دارالحکومت کے مشرقی اور مغربی حصوں کو ملاتے ہیں، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً 30 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔