امریکی اے آئی پابندیوں کا توڑ: چین نے نئی حکمتِ عملی اپنا لی
شینزن: (ویب ڈیسک) چین نے جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی میں امریکی برتری کا مقابلہ کرنے اور جدید اے آئی چپس کی برآمدات پر عائد امریکی پابندیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے ایک نئی حکمتِ عملی اختیار کر لی ہے۔ اس حکمتِ عملی کے تحت چینی کمپنیاں امریکی اے آئی ماڈلز سے حاصل ہونے والے نتائج اور معلومات کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مقامی مصنوعی ذہانت کے نظاموں کو تربیت دے رہی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کی تحقیق کے مطابق اس تکنیک کو ڈسٹلیشن (Distillation) کہا جاتا ہے، جس کا مقصد کم وسائل میں زیادہ مؤثر اے آئی ماڈلز تیار کرنا ہے۔
روئٹرز نے چین کے 300 سے زائد تحقیقی مقالوں، پیٹنٹس، کمپنیوں کے انکشافات، ملازمتوں کے اشتہارات اور سرکاری دستاویزات کا جائزہ لیا، جس سے معلوم ہوا کہ یہ طریقۂ کار اب محض تجرباتی تحقیق تک محدود نہیں رہا بلکہ صنعتی سطح پر بھی استعمال ہو رہا ہے۔ چینی محققین امریکی اے آئی ماڈلز سے پیچیدہ سوالات کے جوابات، کمپیوٹر کوڈ اور مختلف مسائل کے حل حاصل کرتے ہیں، جنہیں بعد ازاں مقامی ماڈلز کی تربیت کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کیلئے چینی ادارے خودکار سافٹ ویئر تیار کرنے کے ساتھ خصوصی تربیت یافتہ کارکنوں کی خدمات بھی حاصل کر رہے ہیں۔
چین کی یہ پیش رفت اس کی وسیع تر ٹیکنالوجی پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت کو کم لاگت میں ترقی دے کر ملکی صنعت، تجارت اور پیداواری شعبوں میں عام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بیجنگ حکومت بھی ڈسٹلیشن کے طریقۂ کار کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ امریکی چپس اور جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کم کیا جا سکے۔ ماہرین کے نزدیک یہ حکمتِ عملی عالمی اے آئی مقابلے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم اس کے ساتھ دانشورانہ ملکیت اور ٹیکنالوجی کے حقوق سے متعلق نئے سوالات بھی جنم لے سکتے ہیں۔