دبئی کے نئے ایئرپورٹ کی تعمیر، دنیا کا سب سے بڑا فضائی مرکز بنانے کی تیاری
دوبئی: (ویب ڈیسک) دوبئی میں فضائی مسافروں کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے ایئرپورٹس میں شامل ہونے والے نئے فضائی مرکز کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 35 ارب ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں ایک لاکھ سے زائد مزدور حصہ لے رہے ہیں۔ نئے منصوبے کے تحت موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سرگرمیاں مستقبل میں المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھس کے مطابق المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کیلئے بڑے تعمیراتی معاہدوں پر بات چیت جاری ہے اور منصوبے کے ابتدائی تعمیراتی مراحل میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ایئرپورٹ کی زمین ہموار کرنے کے ساتھ عمارتوں کی بنیادوں کیلئے مضبوط ستون نصب کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ دبئی کو عالمی فضائی سفر اور بین الاقوامی تجارت کے ایک بڑے مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ماسٹر پلان مکمل ہونے پر اسے سالانہ تقریباً 26 کروڑ مسافروں کی میزبانی کی صلاحیت کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے فضائی مراکز میں شامل کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ اس میں متعدد رن ویز، جدید ٹرمینلز، کارگو سہولیات اور مسافروں کیلئے جدید ترین سفری نظام شامل ہوں گے۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف دبئی کی فضائی رابطہ کاری میں وسعت آئے گی بلکہ روزگار، سیاحت، تجارت اور ملکی معیشت کو بھی نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔