ایمیزون کے جنگلات میں الگ تھلگ قبیلے کا نایاب منظر، خوراک طلب کرنے پر تشویش
براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کے شمال مشرقی علاقے مارانھاؤ میں سرکاری ٹیم کا ایمیزون کے گھنے جنگلات میں رہنے والے آوا قبیلے کے تقریباً 20 افراد سے آمنا سامنا ہوا۔ سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں قبیلے کے افراد خوراک طلب کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کی بقا اور تحفظ کے حوالے سے تشویش ظاہر کی ہے۔
برطانیہ میں قائم قبائلی حقوق کی تنظیم سرائیول انٹرنیشنل نے اس واقعے کو تاریخی ملاپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آوا قبیلہ عام طور پر بیرونی دنیا سے رابطہ نہیں رکھتا۔ تنظیم کے مطابق جنگلات کی کٹائی، غیر قانونی شکار اور زمین پر قبضے جیسی سرگرمیاں ان قبائلی افراد کو اپنے محفوظ علاقوں سے باہر آنے پر مجبور کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب برازیل کے مقامی امور کے ادارے فنائی نے وائرل ویڈیوز کا جائزہ لینے اور قبائلی افراد کو ممکنہ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی منصوبہ فعال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی پالیسی کے مطابق ایسے الگ تھلگ قبائل سے غیر ضروری رابطے سے گریز کیا جاتا ہے، کیونکہ بیرونی بیماریوں اور مداخلت سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔