واٹس ایپ اینڈرائیڈ صارفین کیلئے نیا دلچسپ فیچر
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) واٹس ایپ نے ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ اب آپ کسی بھی میسج پر ایموجی کے علاوہ اپنے پسندیدہ اسٹیکر سے بھی ری ایکشن دے سکیں گے۔ کسی بھی میسج کو دبانے سے اس کے اوپر ایموجی والی پٹی نظر آئے گی، اس کے ساتھ ہی ایک نیا بٹن ہوگا، اس بٹن کو دباتے ہی آپ کا اسٹیکر کی بورڈ کھل جائے گا۔
اسٹیکر کی بورڈ سے آپ ساکن یا چلنے والا، کوئی بھی اسٹیکر چُن لیں، وہ خود ہی اس میسج پر لگ جائے گا۔ پہلے ایک میسج پر صرف ایک ایموجی لگتا تھا، دوسرا لگاؤ تو پہلا ہٹ جاتا تھا، لیکن اسٹیکر میں ایسا نہیں ہے۔ آپ ایک ہی میسج پر زیادہ سے زیادہ 20 اسٹیکر لگا سکتے ہیں۔ ایک ہی اسٹیکر بار بار بھی لگا سکتے ہیں۔
جب اسٹیکر کم ہوں گے تو میسج کے نیچے چھوٹی سی لائن میں نظر آئیں گے۔ جیسے جیسے اسٹیکر بڑھتے جائیں گے، وہ میسج کے نیچے، سائیڈوں پر اور اوپر پھیل جائیں گے جس سے چیٹ دیکھنے میں رنگ برنگی نظر آئے گی۔ آپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ کس نے کون سا اسٹیکر لگایا ہے، اور چاہیں تو اپنا اسٹیکر کسی بھی وقت ہٹا بھی سکتے ہیں۔ واضح رہے فی الحال یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ کے بیٹا صارفین کیلئے دستیاب ہے۔