امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری بیڑا مشرق وسطیٰ پہنچ گیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنا جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ مشرق وسطیٰ میں تعینات کر دیا ہے۔ اس پیشرفت کے بعد خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری بیڑوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ اس امریکی اقدام کو خطے میں فوجی موجودگی بڑھانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل مشرق وسطیٰ کے سمندری علاقے میں 2 امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ایچ ڈبلیو بش اور یو ایس ایس جارج واشنگٹن تعینات تھے۔ اب یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کی آمد سے امریکی بحری موجودگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ تعیناتی ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے۔
عالمی دفاعی ماہرین کے مطابق ایک ہی خطے میں 3 طیارہ بردار بحری بیڑوں کی موجودگی امریکی فوجی طاقت کے بڑے مظاہروں میں شمار ہوتی ہے۔ اس تعیناتی کا مقصد ممکنہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنا اور خطے میں امریکی اتحادیوں کو تحفظ فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے۔ تاہم اس اقدام سے مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال میں امریکی فوجی موجودگی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔