مکران کوسٹل ہائی وے پر بس اور گیس باؤزر میں خوفناک تصادم، 10 افراد جاں بحق، 27 زخمی
گوادر: (نیوز ڈیسک) مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول کے مقام پر ایک مسافر کوچ اور گیس باؤزر کے درمیان شدید تصادم پیش آیا ہے۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ تصادم کے فوراً بعد دونوں گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ سفر کر رہے تھے۔ آگ کی شدت کے باعث مسافروں کو گاڑی سے باہر نکلنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاع ملتے ہی ایس پی اسلم بنگلزئی کی ہدایت پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ڈی ایس پی نبیل بلوچ نے جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام 10 افراد کی موت آگ میں جھلسنے کے سبب ہوئی۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مسافر کوچ سے 8 جبکہ گیس باؤزر سے 2 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
حادثے میں جھلسنے اور زخمی ہونے والے 27 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔