سمندری مخلوق میں موجود بیکٹیریا نے سائنس دانوں کو حیران کر دیا
ٹوکیو: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سمندر کی گہرائیوں میں جہاں سورج کی روشنی بھی نہیں پہنچ سکتی لیکن وہاں پر ایک عجیب مخلوق پائی جاتی ہے۔ جسے "سی پگز" کا نام دیا گیا ہے۔ دیکھنے میں یہ چھوٹے سے گلابی سور جیسی لگتی ہے، اسی لیے اس کو سی پگز کہتے ہیں۔ یہ سمندر کی تہہ پر گری ہوئی گندگی کھا کر زندہ رہتی ہے۔
جاپان کے سائنس دانوں نے اس کے جسم کے اندر ایک ایسا بیکٹیریا ڈھونڈ نکالا ہے، جو آج تک کسی نے نہیں دیکھا۔ عام بیکٹیریا چھوٹے چھوٹے پروٹین بناتے ہیں، لیکن یہ بیکٹیریا تو بہت ہی بڑے پروٹین بناتا ہے۔ عام بیکٹیریا میں پروٹین 300 ٹکڑوں سے بنتا ہے، جبکہ اس نئے بیکٹیریا کا پروٹین 5000 سے زیادہ ٹکڑوں سے بنتا ہے، یہ 16 گنا زیادہ بڑا ہے۔
اس بیکٹیریا کے جسم میں موجود ہدایات کا مجموعہ، جسے جینوم کہا جاتا ہے، بہت چھوٹا ہے۔ اس میں تقریباً 6 لاکھ 49 ہزار ڈی این اے اجزا ہیں، لیکن اس کے باوجود یہ غیرمعمولی طور پر بڑے پروٹین بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تحقیق میں پتا چلا کہ سی پگز کے جسم میں جتنے بھی بیکٹیریا ہیں، ان میں سے 76 سے 99 فیصد یہی نیا بیکٹیریا ہے۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس کے بڑے پروٹین اس کو سی پگز کے جسم سے گوند کی طرح چپکے رہنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس بیکٹیریا میں اپنی توانائی اور کھانا خود بنانے کی طاقت نہیں ہے۔ یہ پوری طرح سی پگز کے جسم پر انحصار کرتا ہے۔ سی پگز جو کھاتا ہے، اسی سے یہ بھی اپنا پیٹ بھرتا ہے۔ سائنس دان کا کہنا ہے کہ یہ دریافت سمندر کی گہرائیوں کے راز سمجھنے میں مددگار ثابت ہو گی۔